راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف ایک انتہائی منظم اور خفیہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ اس آپریشن نے دہشت گردوں کے اس سیل کو تباہ کر دیا ہے جو براہِ راست سرحد پار سے بھارتی سرپرستی میں آپریٹ کر رہا تھا۔
ہلاک ہونے والا خارجی رنگ لیڈر وحید اللہ سکیورٹی اداروں کو انتہائی مطلوب تھا اور وہ 21 فروری 2026 کے بنوں خودکش حملے کا مرکزی ہینڈلر تھا۔ آپریشن کے دوران ایک خودکش بمبار کو بھی مار گرایا گیا، جبکہ موقع سے خودکش جیکٹ، اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا ہے، جو کسی فوری حملے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، سکیورٹی فورسز ملک بھر سے بالخصوص بنوں اور ملحقہ علاقوں سے فتنہ الخوارج کے جڑ سے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدرِ مملکت، وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ نے سکیورٹی فورسز کو اس کامیاب آپریشن پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ "دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے پاکستان کی سرزمین پر کوئی جگہ نہیں، ہماری بہادر فورسز دشمن کے ہر وار کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔”




