اسلام آباد : مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی کا وقت ختم ہونے سے قبل پاکستان عالمی سفارت کاری کا سب سے اہم مرکز بن گیا ہے۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کا امریکی وفد کچھ ہی دیر میں اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگا، جہاں کل بروز بدھ ایران اور امریکہ کے درمیان تاریخ ساز مذاکرات متوقع ہیں۔
ایرانی قیادت نے مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کر دی ہے اور ایرانی مذاکراتی وفد کی آج ہی پاکستان آمد متوقع ہے۔
دونوں ملکوں کے درمیان سیز فائر (جنگ بندی) کا کل آخری روز ہے۔ پاکستان کی کوشش ہے کہ ڈیڈ لائن ختم ہونے سے پہلے خطے میں مستقل قیامِ امن کا معاہدہ طے پا جائے۔امریکی میڈیا کے مطابق، نائب صدر جے ڈی وینس خود ان مذاکرات کی نگرانی کریں گے تاکہ جنگ کے خطرات کو مستقل طور پر ٹالا جا سکے۔
عالمی مبصرین اس پیش رفت کو پاکستان کی ایک بہت بڑی سفارتی جیت قرار دے رہے ہیں۔ سیز فائر کی آخری گھڑیاں ختم ہونے سے قبل دونوں عالمی حریفوں کو ایک میز پر لانا اسلام آباد کی خارجہ پالیسی کا کامیاب ترین باب ثابت ہو سکتا ہے۔
حکومتِ پاکستان کی جانب سے دونوں وفود کی آمد کے پیشِ نظر اسلام آباد میں سیکیورٹی کے ریڈ الرٹ انتظامات کر لیے گئے ہیں اور پوری دنیا کی نظریں اب کل ہونے والے ان مذاکرات کے نتائج پر جمی ہیں۔




