اسلام آباد: پاکستان اور چین کے سائنسی تعاون میں ایک نئی تاریخ رقم ہو گئی۔ چین نے اپنے انسانی خلائی پروگرام کے تحت دو پاکستانیوں کو خلا باز کے طور پر منتخب کر کے پوری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق یہ ایک غیر معمولی عالمی اعزاز ہے کیونکہ چین کے خلائی اسٹیشن ‘تیانگونگ’ پر جانے والا پہلا غیر ملکی خلا باز پاکستانی ہوگا۔ اس تاریخی مشن کے لیے محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کے نام فائنل کیے گئے ہیں۔
منتخب خلا باز خلائی اسٹیشن پر بطور ‘پے لوڈ اسپیشلسٹ’ سائنسی آلات اور تجربات کی نگرانی کرے گا۔پہلے مرحلے کی تکمیل رواں ماہ اپریل میں ہوئی، جس میں ان دونوں امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ دونوں امیدواروں کو سخت جسمانی اور ذہنی تربیت کے لیے فوری طور پر چین طلب کیا گیا ہے۔
سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ قدم ثابت کرتا ہے کہ پاک چین دوستی اب صرف زمین تک محدود نہیں بلکہ ستاروں تک پھیل چکی ہے۔ یہ اقدام پاکستان میں نوجوانوں کے لیے سائنسی تحقیق اور خلائی ٹیکنالوجی میں دلچسپی کے نئے دروازے کھولے گا۔حتمی مرحلے کے بعد، محمد ذیشان علی یا خرم داؤد میں سے کوئی ایک خلا میں پاکستان کا جھنڈا لہرانے والا پہلا شہری بن جائے گا۔




