اسلام آباد:نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے درمیان رات گئے ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال کا احاطہ کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، اس رابطے کے دوران مندرجہ ذیل اہم امور پر گفتگو ہوئی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی حالیہ سفارتی کوششوں اور سہولت کاری کے عمل پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی بہترین راستہ ہیں۔ اسحاق ڈار اور بدر عبدالعاطی نے طے کیا کہ دونوں ممالک مستقبل میں بھی قریبی سفارتی روابط برقرار رکھیں گے تاکہ مشترکہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق، نائب وزیراعظم نے مصری ہم منصب کو پاکستان کے عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے سفارتی اثر و رسوخ اور مختلف تنازعات میں سہولت کاری کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ دونوں رہنماؤں نے عالمی امن کے لیے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے اور مشاورت جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔




