اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت کو تجاوزات سے پاک کرنے اور گرین بیلٹ کی بحالی کے لیے وزارتِ داخلہ اور سی ڈی اے (CDA) نے "بلا امتیاز” آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کے تحت پہلے بڑے مرحلے میں سرکاری اداروں کی غیر قانونی تعمیرات کو ہدف بنایا گیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی براہِ راست نگرانی میں اسلام آباد کے قلب میں واقع ایوب چوک اور میریٹ ہوٹل کے اطراف گرین بیلٹ پر قائم غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔ میریٹ ہوٹل کے قریب گرین بیلٹ پر قائم فرنٹیئر کانسٹیبلری (FC) کے کیمپ آفس کو بھاری مشینری کے ذریعے مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا۔
آپریشن کے دوران ایوب چوک کے قریبی علاقوں میں بھی تمام غیر قانونی ڈھانچے گرا دیے گئے تاکہ شہر کے قدرتی حسن اور گرین بیلٹ کو بحال کیا جا سکے۔
آپریشن کے دوران چیئرمین سی ڈی اے بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود تھے، جہاں انہوں نے موقع پر عملے کو تیزی سے کام مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے واضح کیا "اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف مہم بلا تفریق جاری رہے گی۔ ہم کسی بھی قسم کے سیاسی یا ادارہ جاتی دباؤ کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔ سرکاری اراضی پر قبضے کو ہر صورت ختم کیا جائے گا۔”
وزارتِ داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن اس پیغام کے ساتھ شروع کیا گیا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے۔ کسی بھی محکمے یا ادارے کو عوامی جگہ یا گرین بیلٹ پر تجاوزات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس اقدام کو شہریوں کی جانب سے قانون کی بالادستی کی سمت میں ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔




