تہران: ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ خطے سے امریکی تسلط کے خاتمے کا وقت آ چکا ہے اور خلیج فارس کا مستقبل اب بیرونی مداخلت سے پاک ہوگا۔ انہوں نے آبنائے ہرمز کی صورتحال کو ایک ‘نئے باب’ سے تعبیر کرتے ہوئے واضح کیا کہ خطے میں بدامنی کی اصل جڑ صرف اور صرف امریکا ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے اعلان کیا کہ ایران خلیجی خطے کی سلامتی کو یقینی بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، اب خلیج فارس کا دفاع امریکی بیساکھیوں کے بغیر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تجربات سے ثابت ہو چکا ہے کہ غیر ملکی افواج کی موجودگی امن کی ضامن نہیں بلکہ عدم استحکام کا ذریعہ ہے، ان کا انخلا ہی علاقائی مفاد میں ہے۔
سپریم لیڈر نے حالیہ کشیدگی کے دوران ایرانی مسلح افواج کی کارکردگی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے اپنی جرأت اور ثابت قدمی سے دشمن کے تمام عزائم کو ناکام بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا خطے میں اپنی ساکھ کھو چکا ہے اور اب یہاں کی تقدیر کا فیصلہ مقامی طاقتیں ہی کریں گی۔




