”
تربت: کالعدم تنظیم بی ایل اے کی خاتون کمانڈر شہناز بلوچ کے اہلخانہ نے پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے باقاعدہ طور پر اپنی بیٹی سے ابدی لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ ان کا ملک دشمن سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
تربت پریس کلب میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کی آلہ کار شہناز بلوچ کی والدہ رخسانہ، دادا اور ماموں نے کہا کہ وہ محبِ وطن پاکستانی ہیں اور ریاست مخالف عناصر کے ساتھ ان کا نام جوڑنا سراسر ناانصافی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہناز بلوچ کے والد کا انتقال اس وقت ہوا تھا جب وہ محض نو ماہ کی تھی، جس کے بعد وہ کم عمری میں ہی عمان منتقل ہو گئی تھی اور گزشتہ 12 برس سے خاندان کا اس کے ساتھ کسی قسم کا کوئی رابطہ، پیغام یا تعلق نہیں ہے۔
اہلخانہ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ شہناز بلوچ کے کسی بھی اقدام، نظریے یا دہشت گردانہ کارروائی سے پورے خاندان کا دامن مکمل صاف ہے اور وہ اس کے تمام تر مزموم اقدامات سے خود کو مکمل طور پر الگ کرتے ہیں۔




