لاہور،کراچی اسلام آباد:ملک بھر میں موسم کی شدت اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے اور سورج کے آگ اگلنے کے باعث بیشتر شہروں میں قیامت خیز گرمی کا راج ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، گرمی کی موجودہ لہر (Heatwave) نے ملک کے تمام صوبوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، جس سے نہ صرف میدانی بلکہ بالائی علاقے بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
بلوچستان کا علاقہ سبی تپش کی دوڑ میں سب سے آگے رہا جہاں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سندھ کا شہر دادو 48 ڈگری کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ سکھر اور تربت میں بھی سورج کا غیظ و غضب برقرار ہے، جہاں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے۔
بنوں، ڈی آئی خان، نوابشاہ اور سرگودھا میں درجہ حرارت 45 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پنجاب کے اہم اضلاع بشمول لاہور، اٹک، ڈی جی خان، جہلم اور ساہیوال میں تپش 44 ڈگری تک پہنچ چکی ہے۔ پشاور، حیدرآباد، بہاولپور، فیصل آباد اور ملتان میں شدید لُو کے ساتھ پارہ 43 ڈگری رہا۔جڑواں شہروں میں بھی گرمی کا زور ہے جہاں اسلام آباد میں 42 اور راولپنڈی میں 41 ڈگری کی شدت ریکارڈ کی گئی، جبکہ عام طور پر ٹھنڈے رہنے والے علاقوں مظفرآباد اور چلاس میں بھی پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔ شدید گرمی اور لُو کے باعث ملک بھر کے بازاروں اور کاروباری مراکز میں شہریوں کی آمد و رفت انتہائی کم ہو گئی ہے اور سڑکوں پر سناٹے کا منظر ہے۔




