میرپور: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر پولنگ کا مرحلہ مکمل ہو گیا، جبکہ ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹرز کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کی توسیع کی گئی تھی۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل کے مطابق شدید گرمی کے باعث ووٹرز کی تعداد کم رہی، جس کے باعث پولنگ کا وقت بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
پولنگ ختم ہونے کے بعد انتخابی عملہ بیلٹ پیپرز کی گنتی میں مصروف ہے، جبکہ امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی نظریں ابتدائی نتائج پر مرکوز ہیں۔ انتخابی نتائج کا اعلان گنتی مکمل ہونے اور ضروری مراحل کی تکمیل کے بعد کیا جائے گا۔




