اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار مصر کے سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے، جبکہ ملاقاتوں میں خطے میں امن و استحکام، سفارتی تعاون اور اقتصادی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
دورے کے دوران نائب وزیراعظم شریک ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور تعاون کے نئے امکانات تلاش کیے جائیں۔
اس کے علاوہ ان کی عبدالفتاح السیسی سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں پاکستان اور مصر کے تعلقات اور خطے کے اہم امور پر گفتگو ہوگی۔




