اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں ڈیٹا کے بہتر انتظام، تحفظ اور استعمال کے لیے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کو مرکزی ڈیٹا ریگولیٹر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ نیشنل ڈیٹا گورننس پالیسی 2026 کے تحت پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کو وفاقی اداروں میں ڈیٹا گورننس کے معاملات کی نگرانی کے لیے اہم اختیارات دیے جائیں گے۔
نئی پالیسی کے تحت تمام وفاقی اداروں کو نیشنل ڈیٹا گورننس فریم ورک پر عمل درآمد کرنا ہوگا، جبکہ سرکاری ڈیٹا کے معیار، تبادلے اور انتظامی امور کی نگرانی اتھارٹی کے ذریعے کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل اوپن ڈیٹا پورٹل اور نیشنل ڈیٹا ایکسچینج پلیٹ فارم کو بھی پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے دائرہ اختیار میں لانے کی تجویز ہے، تاکہ مختلف اداروں کے درمیان ڈیٹا کے محفوظ اور مؤثر تبادلے کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزارتِ آئی ٹی کے مطابق ملک میں ڈیٹا مینجمنٹ اور گورننس کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مجوزہ نیشنل ڈیٹا گورننس پالیسی 2026 کے ذریعے ایک مربوط اور محفوظ ڈیجیٹل نظام قائم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔




