کراچی: رینجرز کیمپ پر حملے کے مقدمے میں گرفتار ملزم عثمان نے دورانِ تفتیش مبینہ طور پر اہم انکشافات کیے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم نے بتایا کہ وہ افغانستان کے علاقے جلال آباد سے پاکستان آیا تھا اور اس کے ساتھ عبدالہادی، جانان اور عمر فاروق نامی دیگر افراد بھی موجود تھے۔
ملزم کے بیان کے مطابق حملے سے قبل انہیں ایک زیرِ تعمیر عمارت میں رکھا گیا، جبکہ اسلحہ وزیرستان سے لانے کا دعویٰ کیا گیا۔ عثمان نے تفتیش کے دوران مبینہ طور پر بتایا کہ رینجرز کیمپ پر بم حملہ جانان نے کیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم نے کالعدم تنظیم جماعت الاحرار سے تعلق کا دعویٰ کیا اور بتایا کہ اسے افغانستان میں خودکش جیکٹ کی تیاری، دھماکا خیز مواد کے استعمال اور دیگر عسکری تربیت دی گئی۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ حملے کے پس پردہ عناصر، سہولت کاروں اور دیگر ملزمان سے متعلق حقائق سامنے لائے جا سکیں۔




