لاہور: پنجاب میں یکم جولائی سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آندھی، بارشوں اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق 6 جولائی تک صوبے کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔ لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال اور جہلم میں بارشیں متوقع ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، شیخوپورہ اور نارووال میں بھی بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کے باعث راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو احتیاطی اقدامات اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کر دی گئی ہے۔




