اسلام آباد: ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ جاری ہے، کئی شہروں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دادو اور سبی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نوابشاہ میں 44، سکھر میں 43 اور بہاولپور و تربت میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
رپورٹ کے مطابق لاہور، جہلم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں پارہ 41 ڈگری تک پہنچ گیا، جبکہ پشاور، ملتان اور مٹھی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق حیدرآباد اور سرگودھا میں 39، اسلام آباد، فیصل آباد، کوئٹہ اور بنوں میں 38 ڈگری، راولپنڈی، چترال اور گلگت میں 37 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔
مظفرآباد اور ٹھٹھہ میں 36 جبکہ کراچی میں 35 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین نے شہریوں کو شدید گرمی کے دوران پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔




