نیویارک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اقوام متحدہ پولیس سربراہان کی سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو آج ایسے مشترکہ سکیورٹی خطرات کا سامنا ہے جو کسی ایک ملک تک محدود نہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی، منظم جرائم، سائبر کرائم، منشیات سمگلنگ، انسانی سمگلنگ اور منی لانڈرنگ جیسے چیلنجز سے ہر ملک متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر تعاون اور مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ممالک کو ایک دوسرے پر اعتماد بڑھانا ہوگا اور جرائم کے خاتمے کے لیے فوری طور پر معلومات کا تبادلہ کرنا ہوگا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کی، جس میں عالمی امن، سکیورٹی تعاون اور امن مشنز سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی۔
انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے طویل المدتی تعاون کو سراہتے ہوئے پاکستان کے کردار پر اظہارِ تشکر کیا۔




