اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط اقتصادی روابط دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں، جبکہ حالیہ کاروباری معاہدے معاشی تعاون کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔
بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین صنعتکاروں کے درمیان 44 کروڑ ڈالر کے معاہدے خوش آئند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے تعاون سے فارماسیوٹیکل سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ سرمایہ کاری سی پیک فیز ٹو کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں پاکستان میں 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید شعبوں میں تعاون کے امکانات موجود ہیں۔
وزیراعظم نے چین کو پاکستان کا قابل اعتماد دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ اور مربوط کوششیں ہی امن و استحکام کا راستہ ہیں۔




