اسلام آباد: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، تاہم حکومت عوام کو ریلیف دینے اور پٹرولیم ڈیلرز کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کو درپیش مشکلات کا مکمل احساس ہے، اسی لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کا منصوبہ متعارف کرایا گیا، جبکہ 28 فروری سے اب تک اربوں روپے کی سبسڈی بھی فراہم کی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے اثرات سے ہر شہری متاثر ہو رہا ہے، لیکن حکومت شفاف اور منصفانہ انداز میں حالات سے نمٹنے کے لیے پُرعزم ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پٹرولیم ڈیلرز کے مارجن اور دیگر معاملات کے حل کے لیے جلد اوگرا کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا، جبکہ اس حوالے سے سمری وفاقی کابینہ میں بھی پیش کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ڈیلرز کے جائز مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد مثبت پیش رفت کی جائے گی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت پٹرولیم کے شعبے میں شفافیت لانے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات دور کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام اور کاروباری طبقے دونوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔




