نئی دہلی: بھارتی اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کو دہلی پولیس نے حراست میں لینے کے بعد رہا کر دیا۔ انہیں وزیراعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ کے باہر طلبہ احتجاج میں شرکت کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راہول گاندھی نے طلبہ کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے حکومت پر تنقید کی اور احتجاجی مظاہرین کے خلاف پولیس کارروائی کی مذمت کی۔
دہلی میں جاری طلبہ احتجاج امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں، پیپر لیکس اور تعلیمی نظام میں اصلاحات کے مطالبات کے لیے کیا جا رہا ہے۔ مظاہرین وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے اور شفاف امتحانی نظام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جس کے بعد پولیس نے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا۔ حکام کے مطابق واقعے میں متعدد شہری اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان نے کہا ہے کہ حکومت طلبہ کے مسائل کے حل، جوابدہی اور تعلیمی اصلاحات کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔




