راولپنڈی: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع سوراب اور مستونگ میں کیے گئے آپریشنز کے دوران 10 خارجی ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ ضلع سوراب میں آپریشن کے دوران 7 جبکہ ضلع مستونگ میں 3 خوارج ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والی دو خودکش بمبار خواتین اور ایک سہولت کار کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار افراد سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن و استحکام کے لیے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گی۔




