پاکستان
Trending

کشمیر کی خوشحالی کے لیے نئے منصوبے لائیں گے، نوازشریف

میرپور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں ترقی کا نیا سفر شروع کیا جائے گا اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنی تو عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

میرپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ میرپور کے عوام کا جذبہ قابلِ تعریف ہے اور ان شاء اللہ انتخابات میں یہاں سے بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کو اپنا پہلا گھر سمجھتا ہوں اور یہاں کی ترقی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

نوازشریف نے کہا کہ ان کے دور میں شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبے ادھورے رہ گئے، جبکہ بعد میں آنے والی حکومتیں آزاد کشمیر میں خاطر خواہ ترقی نہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی تقدیر بدلنے کا عزم لے کر آئی ہے۔

انہوں نے تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے طلبا و طالبات کو وظائف اور لیپ ٹاپ دیے جائیں گے، جبکہ مریضوں کو مفت ادویات کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ دل اور کینسر کے اسپتال بھی قائم کیے جائیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے موٹروے منصوبے، بہتر سفری نظام، گیس اور پینے کے پانی کی فراہمی سمیت دیگر منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔

نوازشریف نے کہا کہ ترقی کا دوسرا نام مسلم لیگ (ن) ہے اور آزاد کشمیر کے عوام کے لیے ترقیاتی کام ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہوں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button