میرپور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میرپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر سے ان کا تعلق صرف جذباتی نہیں بلکہ خاندانی اور تاریخی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر اپنے آباؤ اجداد کے گھر آئی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ان کے دادا، دادی، نانا اور نانی بھی کشمیری تھے اور وہ خود کو دل اور روح سے کشمیری سمجھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ان کا رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔
انہوں نے میرپور کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگوں نے محنت سے شاندار گھر تعمیر کیے، تاہم بہتر سڑکوں اور بنیادی سہولیات کی ضرورت ہے۔ مریم نواز نے میرپور شہر کی سڑکوں کی خستہ حالی پر بھی گفتگو کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ عوامی جذبہ مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کی نشاندہی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی عوامی حمایت سے بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔
مریم نواز نے نوازشریف کی سیاسی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جب بھی کوئی وعدہ کیا اسے پورا کیا۔ انہوں نے میرپور میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ تنقید کرنا آسان ہے، لیکن عوامی خدمت کے لیے عملی اقدامات ضروری ہوتے ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا اور اب وقت ہے کہ آزاد کشمیر میں مزید ترقیاتی کام کیے جائیں۔
انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کا رشتہ مضبوط ہے اور دونوں کی ترقی ایک دوسرے سے وابستہ ہے۔




