راولپنڈی: سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان آج معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔
راولپنڈی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمت کی پہچان ہیں۔ ان کے دور حکومت میں ملک میں بڑے منصوبے شروع کیے گئے جنہوں نے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قلیل مدت میں صوبے میں عوامی فلاح اور ترقی کے متعدد منصوبے مکمل کیے، جبکہ حکومت کی توجہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام بھی ترقی، خوشحالی اور جدید سہولیات چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز ہمیشہ عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی، معاشی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔




