کراچی: سندھ حکومت نے کراچی میں جدید اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کی منظوری کی جانب پیش رفت کرلی۔
سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے بورڈ اجلاس میں 500 الیکٹرک بسوں کی خریداری اور شہر میں لاجسٹکس پارک کے قیام کے منصوبوں کو سندھ کابینہ سے منظور کرانے پر اتفاق کیا گیا۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ لاجسٹکس پارک کے قیام سے کراچی میں ہیوی ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی۔
اجلاس میں الیکٹرک بسوں کی خریداری کے منصوبے کو بھی سندھ کابینہ کے سامنے منظوری کے لیے پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ حکومت کے مطابق جدید الیکٹرک بسوں سے پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام بہتر بنانے اور ماحولیاتی آلودگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔




