اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل پر زور دیتے ہوئے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی ہے کہ منصوبوں میں تاخیر کی وجوہات دور کرکے کام کی رفتار تیز کی جائے اور فنڈز کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد علی نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں جولائی 2026 میں قائم کردہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال، عمل درآمد میں درپیش رکاوٹوں اور ان کی بروقت تکمیل کے لیے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو گلگت بلتستان میں جاری پن بجلی، بنیادی ڈھانچے اور شمسی توانائی کے منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے 100 میگاواٹ شمسی توانائی منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، جبکہ نلتر پاور پراجیکٹ کی تکمیل کو بھی اہم قرار دیا گیا۔
اجلاس میں انسداد دہشت گردی کی صلاحیت بڑھانے اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تنصیب کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ذریعے تمام انتظامی و مالی رکاوٹیں دور کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی ترقی اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
دوسری جانب اجلاس میں گلگت بلتستان کے عوام کو یکم نومبر کے تاریخی دن پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا یکم نومبر کو گلگت بلتستان کا دورہ متوقع ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، علیم خان، مصدق ملک، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ، سردار اویس لغاری، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور محمد علی سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔




