نئی دہلی : بھارتی حکومت نے بین الاقوامی خبررساں ادارے رائٹرز کے آفیشل ’ایکس‘ (سابقہ ٹویٹر) اکاؤنٹ کو بھارت میں معطل کر دیا ہے، جسے آزادی اظہار رائے اور صحافت پر ایک سنگین قدغن قرار دیا جا رہا ہے۔
حکام کی جانب سے یہ فیصلہ اچانک لیا گیا، اور اب بھارتی صارفین کو رائٹرز کے اکاؤنٹ تک رسائی کی کوشش پر یہ پیغام موصول ہوتا ہے کہ ”@Reuters کو قانونی مطالبے کی بناء پر بھارت میں روکا گیا ہے۔“
یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بھارت نے پہلے پاکستانی مواد پر پابندیاں لگائی تھیں اور اب بین الاقوامی میڈیا کو بھی اپنی سرحدوں میں محدود کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
دکن کرونیکل کے مطابق، بھارتی حکام نے اس بلاکنگ کی کوئی واضح یا سرکاری وجہ بیان نہیں کی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کی بڑھتی ہوئی سنسرشپ آزادی صحافت کو دبانے کی ایک غیر رسمی ایمرجنسی ہے، جس میں میڈیا پر سخت پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔ بی جے پی کی اس حکمت عملی کو بھارت اور عالمی سطح پر فاشسٹ نظریات اور پالیسیوں کا نفاذ سمجھا جا رہا ہے۔




