وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے "اپنی زمین، اپنا گھر” کے نام سے نئی ہاؤسنگ اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے مختلف شہروں میں مستحق افراد کو مفت رہائشی پلاٹس فراہم کیے جائیں گے۔ اس اسکیم کا پہلا مرحلہ دو ہزار پلاٹس کی الاٹمنٹ سے شروع ہوگا، جس کے بعد بے زمین شہریوں کو گھر تعمیر کرنے کے لیے قرضہ بھی دیا جائے گا۔
یہ اعلانات وزیراعلیٰ کی جانب سے "اپنی چھت، اپنا گھر” منصوبے کے تحت لون تقسیم کی تقریب سے خطاب کے دوران کیے گئے۔ تقریب میں ان خاندانوں نے بھی شرکت کی جنہیں اس اسکیم کے تحت قرض فراہم کیا گیا، اور شرکاء نے اس اقدام کو عوام دوست قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ مریم نواز نے موقع پر موجود خواتین سے ملاقات کی، بچوں سے شفقت کا اظہار کیا اور شرکاء سے براہِ راست بات چیت بھی کی۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اگست کے اختتام تک قرضوں کی تعداد بڑھا کر 64 سے 75 ہزار تک کر دی جائے گی، جبکہ رواں سال کے اختتام تک ایک لاکھ اور پانچ سال کے اندر پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ صوبے کے تمام شہروں میں 1100 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، جن کا کرایہ محض 20 روپے رکھا جائے گا، تاکہ شہری کم خرچ میں معیاری اور آرام دہ سفر سے فائدہ اٹھا سکیں۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی اعلان کیا کہ لاہور میں جنوبی ایشیا کی پہلی اسمارٹ ریپڈ ٹرانزٹ (SRT) ٹرین کا آغاز کیا جا رہا ہے، جو ماحول دوست ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو باوقار اور سستی سفری سہولت فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے اپنی حکومت کے فلاحی منصوبوں کو عوامی فلاح و بہبود کا ترجمان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترقی کا ہر عمل عام آدمی کی زندگی میں آسانی لانے کے لیے ہے۔
0 13 1 minute read




