پاکستان کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو پہنچ چکی ہے، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے 8 اگست کو کھیلا جائے گا۔ قومی اسکواڈ کی کوشش ہوگی کہ وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی کے بعد ون ڈے فارمیٹ میں بھی فتوحات کا تسلسل برقرار رکھے۔
1977 سے 2022 کے درمیان پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین 18 ون ڈے سیریز کھیلی گئیں، جن میں گرین شرٹس 11 بار فاتح رہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ 1993 کے بعد سے پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کوئی بھی ون ڈے سیریز نہیں ہاری، جو اس فارمیٹ میں قومی ٹیم کی مسلسل برتری کا عکاس ہے۔ حتیٰ کہ کیریبین میدانوں پر بھی پاکستان چار سیریز جیتنے میں کامیاب رہا ہے۔
اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان 65 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں پاکستان نے 36 بار میدان مارا، جبکہ ویسٹ انڈیز کو 26 مقابلوں میں کامیابی ملی، اور 3 میچز کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ اگر بین الاقوامی ٹورنامنٹس اور دیگر ایونٹس میں ہونے والے مقابلے بھی شمار کیے جائیں تو پاکستان کی فتوحات کی مجموعی تعداد 63 تک پہنچ جاتی ہے۔
اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو ون ڈے فارمیٹ میں پاکستان کی ویسٹ انڈیز کے خلاف سب سے بڑی انفرادی اننگز 337 رنز رہی ہے، جب کہ سب سے بڑی جیت 120 رنز اور 10 وکٹوں کے مارجن سے حاصل کی گئی۔
پاکستانی شائقین کی نظریں اس سیریز پر مرکوز ہیں، جہاں گرین شرٹس نہ صرف اپنی برتری کا تسلسل جاری رکھنے کے خواہاں ہیں بلکہ اگلے عالمی مقابلوں کے لیے مضبوط کمبی نیشن بھی تشکیل دینا چاہتے ہیں۔




