چین :چین کے شہر ہانگژو میں ایک شخص کو مقامی فٹنس سینٹر نے دھوکہ دے کر 8 لاکھ 70 ہزار یوآن (تقریباً 1 لاکھ 21 ہزار امریکی ڈالر) سے زائد رقم ہتھیانے کا انکشاف ہوا ہے۔ متاثرہ شخص جن، جو تین سال سے رانیان فٹنس جم کا ممبر تھا، کو جم کے سیلز پرسن نے ایک پرکشش پیشکش کی جس میں طویل المدتی رکنیت سستے داموں خرید کر زیادہ قیمت پر فروخت کرنے کا وعدہ کیا گیا۔
جن نے ابتدائی طور پر 8,888 یوآن میں کارڈ خریدا اور یقین دہانی کرائی گئی کہ اگر دو مہینے میں اسے فروخت نہ کیا گیا تو رقم واپس مل جائے گی۔ تاہم، بعد میں مزید سرمایہ کاری کی ترغیب دی گئی اور جن نے تقریباً 1,30,000 یوآن مزید خرچ کر دیے۔
بعد ازاں معلوم ہوا کہ نہ تو کوئی رکنیت فروخت ہوئی اور نہ ہی رقم کی واپسی ممکن ہوئی۔ جب ریفنڈ کا مطالبہ کیا گیا تو جم کے عملے سمیت مالک غائب ہو چکے تھے اور رابطہ بھی منقطع تھا۔ جن اب 300 سالہ رکنیت اور ہزاروں نجی کلاسز کے ساتھ پھنس چکے ہیں۔
متاثرہ نے پولیس سے رابطہ کیا اور مقدمہ درج کروایا ہے لیکن وکلاء کا کہنا ہے کہ کیس مشکل ہو سکتا ہے کیونکہ معاہدے میں ممبرشپ کی منتقلی سے انکار کیا گیا ہے اور ملزمان لاپتہ ہیں۔




