بھارتی فضائیہ نے اپنے پرانے اور خستہ حال چیتا اور چیتک ہیلی کاپٹروں کو مرحلہ وار ریٹائر کرنے کے لیے 200 نئے ہلکے ہیلی کاپٹروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ یہ ہیلی کاپٹر نہ صرف پرانی ٹیکنالوجی اور حفاظتی خدشات کا شکار ہیں بلکہ ان کی کریش ریٹ بھی معمول سے زیادہ ہے، جو مگ 21 طیاروں کی شرح سے مشابہت رکھتی ہے۔
بھارتی فوجی حکام کے مطابق، بھارتی فضائیہ نے ابتدائی طور پر 120 جاسوسی اور نگرانی کے ہیلی کاپٹروں کے حصول کے لیے وینڈرز کو معلومات کی درخواست جاری کر دی ہے۔ یہ ہیلی کاپٹر دن اور رات نگرانی، خصوصی مشنز میں چھوٹی ٹیموں کی نقل و حمل، زمینی کارروائیوں کے لیے اندرونی و بیرونی بوجھ اٹھانے اور حملہ آور ہیلی کاپٹروں کے ساتھ مل کر "سکاؤٹ رول” ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔
بھارت کے پاس اس وقت تقریباً 350 چیتا اور چیتک ہیلی کاپٹر موجود ہیں، جن میں سے کچھ 1960 کی دہائی کے ماڈلز ہیں۔ منصوبے کے تحت 2027 سے ان پرانے ہیلی کاپٹروں کی ریٹائرمنٹ کا عمل شروع کیا جائے گا، جبکہ نئے بیڑے کی مکمل انڈکشن اور پرانوں کی جگہ تبدیلی کا عمل تقریباً ایک دہائی میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔
بھارتی دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام دہائیوں کی تاخیر کے بعد فضائی بیڑے کی جدید کاری کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو نہ صرف آپریشنل صلاحیت میں اضافہ کرے گا بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔




