لیہ: لیہ فٹبال لیگ کے گرینڈ فائنل میں آزاد ایف سی لیہ نے ایس اے گارڈن فٹبال کلب لاہور کو پنالٹی ککس پر شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں نے ٹرافی اٹھا کر کامیابی کا جشن منایا۔
وزیر کھیل پنجاب فیصل عزیز کھوکھر اور کمشنر ڈی جی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے گرینڈ فائنل میں شرکت کی۔ اختتامی تقریب میں فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافیاں دی گئیں، جبکہ کھلاڑیوں میں میڈلز بھی تقسیم کیے گئے۔
لیگ کی فاتح ٹیم آزاد ایف سی لیہ کو 5 لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ایس اے گارڈن فٹبال کلب لاہور کو 3 لاکھ روپے انعام دیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈی جی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ’’کھیلتا پنجاب، بڑھتا پنجاب‘‘ نوجوانوں کو کھیلوں کے مثبت مواقع فراہم کرنے کے لیے اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک، برداشت اور مقابلے کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ ایسے مقابلے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔




