تہران:ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے چار ملکی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم ممالک کا اتحاد خطے میں اسرائیلی جارحیت روکنے اور امن و استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ایران اسلامی اتحاد کے نتیجے میں ہونے والی ہر مفاہمت کی حمایت کرتا ہے۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک اپنی مشترکہ صلاحیتوں سے دنیا کو انصاف اور ترقی کا نمونہ پیش کر سکتے ہیں۔ اسرائیل کا خیال تھا کہ فوجی جارحیت ایران کو جھکنے پر مجبور کر دے گی، لیکن دباؤ اور فوجی کارروائیوں نے ایرانی قوم کے اتحاد کو مزید مضبوط کیا ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ خطے نے حالیہ برسوں میں اسرائیلی جرائم کی وسیع لہر دیکھی ہے۔ نقصانات اور مشکلات کے باوجود ایرانی قوم دفاعِ وطن کے لیے ثابت قدم رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنے کا تصور غلط ہے۔ مسعود پزشکیان نے اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ اتحاد اور مشترکہ تعاون کے ذریعے انصاف، ترقی اور علاقائی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔




