لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر لاہور کی پہلی سیاحتی شاہراہ "واہگہ ہیریٹیج کوریڈور” کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف شہریوں کو جدید سفری سہولت فراہم کرے گا بلکہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے ایک دلکش سیاحتی راستہ بھی بنے گا۔
13 کلومیٹر طویل یہ شاہراہ قائداعظم انٹرچینج سے واہگہ بارڈر (زیرو لائن) تک پھیلی ہوئی ہے۔ منصوبے پر اب تک 28 کروڑ 50 لاکھ روپے (2850 ملین روپے) خرچ کیے جا چکے ہیں، اور کام تیزی سے تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔
یہ دو رویہ شاہراہ 68 فٹ چوڑی ہے، جس کے دونوں اطراف 20 فٹ چوڑی سروس روڈز بھی تعمیر کی جا رہی ہیں۔ مزید سہولیات میں شامل ہیں:
22 کلومیٹر طویل جدید آر سی سی ڈرینیج سسٹم
10 کلومیٹر آرائشی دیوار
سولر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب
خوبصورت روشنیوں اور قومی ہیروز کے پورٹریٹس سے سجی ہوئی سڑک
یہ شاہراہ سیاحتی نقطۂ نظر سے بھی بے حد اہم قرار دی جا رہی ہے۔ روزانہ لاکھوں شہری اس راستے سے سفر کرتے ہیں، جبکہ واہگہ بارڈر پر پریڈ دیکھنے آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو اب بین الاقوامی معیار کی سفری سہولت حاصل ہوگی۔
بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کو بھی اس راستے پر پاکستانی ثقافت، روایات اور خوبصورتی کے منفرد رنگوں کا مشاہدہ ہوگا۔
شاہراہ کی تعمیر کے ساتھ نئے سیوریج سسٹم کی تنصیب سے علاقے کے مکینوں کا دیرینہ مسئلہ بھی حل ہو رہا ہے، جو سالہا سال سے پانی کی نکاسی اور انفراسٹرکچر کی کمزوری کا سامنا کر رہے تھے۔
یہ منصوبہ جنوری 2025 میں شروع ہوا تھا اور انتہائی تیز رفتاری سے تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے، جو صوبائی حکومت کی ترقیاتی پالیسیوں کا عکاس ہے۔




