پاکستان
Trending

عوامی سہولت کے لیے سندھ میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھانے کا فیصلہ، شرجیل میمن

 

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت عوامی خدمت کے عملی ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے صوبے میں جدید ٹیکنالوجی اور ادارہ جاتی اصلاحات کو فروغ دے رہی ہے، عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔

ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں زمینوں کے ریکارڈ کے نظام کو جدید اور شفاف بنایا جا رہا ہے۔ بلاک چین ٹیکنالوجی کے ذریعے زمینوں کے ریکارڈ کو محفوظ بنانے کے ساتھ فراڈ اور ملکیتی تنازعات کی روک تھام کی کوشش کی جا رہی ہے۔ شہریوں کو زمینوں کے معاملات میں غیرضروری دفتری چکروں سے نجات دلانا بھی حکومت کے پیش نظر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صحت کے شعبے میں بھی اہم منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے این آئی سی ایچ میں 445 بستروں پر مشتمل میڈیکل ٹاور کا قیام اسی سلسلے کی اہم پیش رفت ہے۔ حکومت عوامی خدمت کے اداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

سینئر وزیر نے کہا کہ سندھ کے نوجوانوں کو مایوسی کے بجائے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے، اس مقصد کے لیے تعلیم، صحت، کھیل اور گرین اسکلز کے شعبوں میں مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔ نئی اسپورٹس پالیسی کے ذریعے کھیلوں کو نوجوانوں کی صلاحیتوں کے فروغ کا ذریعہ بنایا جا رہا ہے۔

شرجیل میمن کے مطابق کراچی سے تھر تک سندھ کے نوجوانوں کو یکساں مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ مصنوعی ذہانت، ڈیٹا اینالیٹکس اور روبوٹکس کو جدید تعلیمی ترجیحات میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوان بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے عوامی مفاد میں سرکاری و نجی شعبے کے وسائل اور مہارت کو یکجا کیا جا رہا ہے، جبکہ ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے حکومتی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ اپنے آئینی اور مالی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ سندھ حکومت جدید ٹیکنالوجی اور اصلاحات کے سفر کو جاری رکھتے ہوئے عوامی خدمت کے عمل کو مزید تیز کرے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button