پاکستان
Trending

ملتان میں ترقیاتی منصوبوں کا نیا مرحلہ، مریم نواز کے اہم اعلانات

 

ملتان:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ملتان اور جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے، سڑکوں، صحت، زراعت اور عوامی سہولتوں کے شعبوں میں مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ملتان میں گرین الیکٹرو بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ملتان اور وہاڑی کے درمیان شاہراہ کو جدید طرز پر تعمیر کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق 93 کلومیٹر طویل شاہراہ کو دو رویہ بنانے کے منصوبے پر 35 ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملتان کے کسانوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ایگری کلچر مال قائم کیا گیا ہے، جہاں زرعی شعبے سے متعلق مختلف سہولتیں ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں۔

مریم نواز نے ملتان کینسر اسپتال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں جدید ترین مشینری اور ماہر ڈاکٹرز تعینات کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق کینسر کے علاج پر 16 سے 28 لاکھ روپے تک کے اخراجات حکومت پنجاب برداشت کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر ڈویژن میں کینسر اسپتال قائم کرنے کا منصوبہ ہے، جبکہ صحت کی سہولتیں عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ دو برس کے دوران پنجاب میں 50 ہزار کلومیٹر سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملتان اور جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے مزید منصوبے بھی جاری رکھے جائیں گے۔

مریم نواز نے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ سکیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسکیم کے تحت دو لاکھ گھر مکمل ہوچکے ہیں جبکہ سوا لاکھ افراد اپنے گھروں میں منتقل ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 300 نوازشریف اسکول آف ایمیننس قائم کیے جا رہے ہیں اور ہزاروں بچے ان اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔ ان کے مطابق 10 لاکھ سے زائد افراد کو گھر کی دہلیز پر ادویات فراہم کی جا چکی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت رشوت ستانی اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے جبکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ اگر انہیں مزید ڈھائی سال ملے تو وہ ملتان اور جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے مزید اقدامات کریں گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button