اسلام آباد: عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد وفاقی حکومت نے کفایت شعاری اقدامات کا نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
حکومتی فیصلے کے تحت دکانیں، مارکیٹس، شاپنگ مالز اور بازار رات 9 بجے بند ہوں گے، جبکہ شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریبات کے مقامات رات 10 بجے تک بند کرنا ہوں گے۔
ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی۔ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو اوقات کار کی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
ہسپتال، کلینکس، لیبارٹریز، فارمیسیز اور پٹرول پمپس سمیت ضروری شعبے بھی مقررہ اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
بیکریز، تندور، دودھ اور ڈیری شاپس، الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز اور جم بھی نئے اوقات کار سے مستثنیٰ قرار دیے گئے ہیں۔
وفاقی حکومت کے مطابق کفایت شعاری اقدامات کا مقصد عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں ایندھن اور توانائی کے استعمال کو کم کرنا ہے۔




