ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر جشنِ آزادی کی تقریبات جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہیں۔ شہر کی سڑکیں، عمارتیں اور چوراہے سبز ہلالی پرچموں اور چراغاں سے جگمگا رہے ہیں۔
یومِ آزادی کی مرکزی پرچم کشائی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی، جس کی مہمانِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز تھیں۔ تقریب میں صوبائی وزراء، ضلعی افسران، معزز شہریوں، خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران طلبہ و طالبات نے ملی نغمے پیش کیے اور وطن سے محبت کے جذبات کا اظہار کیا، جبکہ شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی جشنِ آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ خواتین اور بچوں کا جوش و خروش خاص طور پر نمایاں رہا۔
شہر بھر کی فضا جشن، جوش اور حب الوطنی سے لبریز ہے، اور عوام کا جذبہ وطن سے وابستگی کا منہ بولتا ثبوت بن چکا ہے۔




