پاکستان

سیلابی صورتحال: وزیراعلیٰ مریم نواز کی متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں سے فوری مخفوظ مقامات پر منتقل ہونےکی  اپیل

لاہور :  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہنگامی پیغام جاری کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں کے مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور کسی بھی جانی نقصان سے بچنے کے لیے شہری انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے مکمل تعاون کریں۔

وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ متاثرین کو ان کے نقصانات کا مکمل اور شفاف ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب ہر متاثرہ شہری کے ساتھ کھڑی ہے اور گھروں، فصلوں اور مویشیوں کو پہنچنے والے نقصانات کا منصفانہ تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنی اور اپنے بچوں کی زندگیاں محفوظ بنانے کے لیے فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

قبل ازیں، وزیراعلیٰ مریم نواز نے دریائے راوی میں سیلابی صورتحال کا خود جائزہ لینے کے لیے کشتی کے ذریعے دورہ کیا۔ اس دورے پر بعض سوشل میڈیا حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی، جس پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے وضاحت کی کہ یہ دورہ محض علامتی نہیں تھا بلکہ زمینی حقائق کا براہِ راست مشاہدہ کرنے کے لیے کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران کئی اہم انتظامی خامیاں سامنے آئیں جن کی فوری اصلاح کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ دفتر میں بیٹھ کر کیے گئے فیصلے عوامی مشکلات کا مکمل ادراک نہیں دے سکتے، اس لیے ایک ذمہ دار قیادت کا فرض ہے کہ وہ خود میدان میں آ کر حالات کا جائزہ لے۔

وزیراعلیٰ نے حکومتی مشینری کو ہدایت کی ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے اور متاثرہ علاقوں میں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button