کیلیفورنیا:مصنوعی ذہانت کے میدان میں کام کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کے صارفین کے لیے ‘پیرنٹل کنٹرول’ کا نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔ اس کا مقصد والدین کو بچوں کے آن لائن تعاملات پر کنٹرول فراہم کرنا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے والدین نہ صرف بچوں کے چیٹ ہسٹری اور میموری فیچرز کو بند کر سکیں گے، بلکہ یہ بھی طے کر سکیں گے کہ اے آئی سے بچے کو کس حد تک اور کس نوعیت کے جوابات دیے جائیں۔ اگر بچہ کسی ذہنی دباؤ یا پریشانی کا اظہار کرتا ہے تو والدین کو فوری طور پر نوٹیفکیشن بھی بھیجا جائے گا۔
اوپن اے آئی کے مطابق یہ ایک ابتدائی قدم ہے اور آئندہ 120 دنوں میں اس میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا یہ اقدام حالیہ مقدمے کے ردعمل میں لیا گیا ہے یا نہیں، جس میں ایک امریکی جوڑے نے اوپن اے آئی پر الزام لگایا کہ چیٹ جی پی ٹی نے ان کے 16 سالہ بیٹے کے منفی خیالات کی حوصلہ افزائی کی۔
ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ پیرنٹل کنٹرول جیسے فیچرز مددگار ضرور ہیں، لیکن یہ بچوں کے تحفظ کا مکمل حل نہیں۔ ان کے مطابق، ٹیکنالوجی کمپنیوں کو چاہیئے کہ وہ شروع سے ہی تحفظ کو اولین ترجیح دیں، نہ کہ حادثات کے بعد اصلاحی اقدامات کریں۔




