پاکستان
Trending

ہم متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں، امداد نہیں عزت دیتے ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا میانوالی میں خطاب

 

میانوالی: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے، اور جن لوگوں نے ریلیف کیمپوں میں پناہ لی ہے، وہ ہمارے مہمان ہیں، انہیں عزت، سہولت اور مکمل دیکھ بھال دی جا رہی ہے۔

میانوالی میں فلڈ ریلیف سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کیمپوں میں مقیم متاثرین کو تین وقت کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، اور موبائل اسپتالوں کے ذریعے فوری طبی سہولیات بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "سیلاب کے بعد پنجاب میں کسی وبائی مرض کا سامنے نہ آنا ہماری بروقت حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے۔”

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ امدادی ٹیموں نے نہ صرف متاثرہ افراد کی جانیں بچائیں، بلکہ ان کے مویشیوں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سیلاب کے بعد نقصانات کا باقاعدہ سروے کیا جائے گا، اور متاثرہ خاندانوں کو مالی مدد فراہم کی جائے گی، جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ وزرا کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ جب تک متاثرین کو مکمل ریلیف فراہم نہیں ہو جاتا، وہ فیلڈ سے واپس نہ آئیں۔

خطاب کے دوران انہوں نے گجرات کی پسماندگی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ "گورننس کے لحاظ سے گجرات کا نظام بدترین رہا ہے۔” انہوں نے اعلان کیا کہ گجرات میں 26 ارب روپے کی لاگت سے جدید سیوریج سسٹم نصب کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "جنہوں نے برسوں وہاں حکومت کی، انہوں نے اپنے لوگوں کے لیے کچھ نہیں کیا۔”

اپنی ذات پر کی جانے والی سیاسی تنقید پر بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا: "تنقید ہوتی ہے کہ وزیراعلیٰ کشتی میں کیوں بیٹھی، تنقید ہوتی ہے کہ میں نے امداد کیوں نہیں مانگی۔ لیکن میں نواز شریف کی بیٹی ہوں، ہاتھ نہیں پھیلاؤں گی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگ صرف تنقید کرنا جانتے ہیں، اصل مشکل کام کرنا ہوتا ہے، جو وہ کر رہی ہیں۔ "جب میں عوام کی خدمت کرتی ہوں تو سوال ہوتا ہے کہ وزیراعلیٰ کام کیوں کر رہی ہیں؟”

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button