تربت: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے ضلع تربت کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیکیورٹی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی بہبود کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل کو "فتنہ الہندوستان” کے خلاف جاری آپریشنز کی کامیابیوں سے آگاہ کیا گیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے مقامی قیادت سے ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، چیف سیکریٹری اور دیگر سول و عسکری حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر امن، ترقی اور حکمرانی کی بہتر حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے زور دیا کہ بلوچستان میں امن قائم کرنے اور عوام کی خوشحالی کے لیے سول و عسکری اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج بلوچستان کی ترقی اور استحکام کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔
فیلڈ مارشل نے فوجی جوانوں سے بھی خطاب کیا اور ان کی قربانیوں، بلند حوصلے اور پیشہ وارانہ تیاری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جوانوں کی محنت سے ہی خطے میں امن کا قیام ممکن ہوا ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔




