اسلام آباد :سینیٹ نے سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی جانب سے پیش کیا گیا بل منظور کر لیا ہے، جس کا مقصد گرفتار، نظربند اور زیر حراست افراد کے بنیادی حقوق کو یقینی بنانا ہے۔
بل کے مطابق، کسی بھی شخص کو گرفتار کرنے کی صورت میں اسے تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا کہ اسے کیوں حراست میں لیا گیا ہے۔ جیل میں موجود افراد کو گھر کے کھانے اور ضروری دوائیاں فراہم کی جائیں گی، تاہم یہ انتظامات عدالت کی اجازت اور صوابدید کے تحت ہوں گے۔
سینیٹر فاروق نائیک نے کہا کہ جرم ثابت ہونے سے پہلے بھی ملزم کے حقوق محفوظ رہیں گے، اور اس بل کا مقصد قانونی شفافیت اور انسانی حقوق کے احترام کو فروغ دینا ہے۔
اس بل کی متفقہ منظوری کو انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے، جو قیدیوں اور زیر حراست افراد کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔




