اسلام آباد: وزیرِاعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے توشہ خانہ ٹو کیس کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں ہونے والی کرپشن کو بے نقاب کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے عوامی خزانے کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال کیا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ توشہ خانہ کے تحائف کو مارکیٹ ویلیو سے کم ظاہر کر کے عمران خان اور بشریٰ بی بی نے نہ صرف عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچائی بلکہ کرپشن کے ذریعے ذاتی فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالت نے دونوں کو آئین و قانون کے مطابق سزا دی، جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں ہے۔
وزیرِاعظم کے مشیر نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا اور ان کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ حکومت کرپشن کے خلاف مؤثر اقدامات اٹھا رہی ہے اور عوام کے مفاد میں فیصلے کیے جا رہے ہیں۔




