برسلز: پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ساتواں سٹریٹجک مکالمہ اختتام پذیر ہو گیا۔ اجلاس کی صدارت پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور کایا کالاس نے کی۔ دونوں فریقین نے افغانستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں علاقائی امن، سیاسی و معاشی تعاون، انسانی حقوق اور ترقیاتی شعبوں میں مشترکہ اقدامات پر بات کی گئی۔ افغانستان کی موجودہ معاشی بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ مہاجرین کی واپسی عالمی قوانین اور باوقار انداز میں ہونی چاہیے۔
پاکستان اور یورپی یونین نے غزہ میں جنگ بندی اور تعمیر نو کے عمل کی ضرورت پر زور دیا اور دو ریاستی حل کی حمایت دہرائی۔ اجلاس میں خوراک، توانائی اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے عالمی مسائل پر مشترکہ کام کے لیے بھی اتفاق ہوا۔
اعلامیے میں یورپی یونین نے پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی اہمیت کا اعتراف کیا اور تعاون کو بڑھانے پر زور دیا۔ دونوں فریقین نے آٹھویں دور کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔




