دوحہ : وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سعودی عرب کا کامیاب دورہ مکمل کرنے کے بعد قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے ہیں۔ دوحہ ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کسی عالمی لیڈر کے لیے مخصوص غیر معمولی اور شاہانہ انداز میں کیا گیا، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تزویراتی تعلقات کا واضح ثبوت ہے۔
وزیراعظم کے استقبال کے دوران اس وقت نہایت پُروقار مناظر دیکھنے میں آئے جب ان کا طیارہ قطر کی فضائی حدود میں داخل ہوا۔ قطری فضائیہ کے جدید ترین لڑاکا طیاروں نے وزیراعظم کے طیارے کو فضا میں اپنے حصار میں لے لیا۔
ان جنگی طیاروں نے وزیراعظم کے جہاز کو فضا میں باقاعدہ سلامی پیش کی اور باحفاظت لینڈنگ تک ساتھ رہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس پرجوش استقبال اور قطری فضائیہ کے اس خاص جذبے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم کا یہ دورہ ایک ایسے نازک وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے "مرکزی ثالث” کا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے دوحہ میں امیرِ قطر، شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی جس میں علاقائی صورتحال، خاص طور پر خلیجی خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور ڈائیلاگ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کی امن کوششوں کی مکمل حمایت کے بعد قطر نے بھی پاکستان کے ثالثی کے کردار کی بھرپور تائید کی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے دفاع، توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
دوحہ کے ایئرپورٹ اور اہم شاہراہوں کو پاکستانی جھنڈوں سے سجایا گیا تھا اور قطری مسلح افواج کے دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ یہ غیر معمولی پروٹوکول ظاہر کرتا ہے کہ قطر نہ صرف پاکستان کو اپنا اہم معاشی پارٹنر سمجھتا ہے بلکہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔




