واشنگٹن :واشنگٹن میں جاری سالانہ اجلاسوں کے دوران وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی کرسٹالینا جارجیوا اور انتونیو گوتریس سے ملاقاتوں نے یہ واضح کر دیا ہے کہ عالمی برادری پاکستان کی حالیہ معاشی پالیسیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
خاص طور پر ٹیکس نیٹ میں اضافے اور معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبوں کو عالمی اداروں نے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت قرار دیا ہے۔
آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے محمد اورنگزیب سے ملاقات میں پاکستان کی جانب سے کی جانے والی "مشکل مگر ضروری” معاشی اصلاحات کی تعریف کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی ایم ایف پاکستان کے پائیدار معاشی استحکام کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کی معاشی بحالی کی کوششوں کو سراہا اور عالمی فورمز پر پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔ ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات کے عالمی معیشت پر اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر ماساتو کاندا نے پاکستان میں ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور ریونیو بڑھانے کے لیے تکنیکی و مالی تعاون فراہم کرنے کا پختہ یقین دلایا۔




