مدینہ منورہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دورہ سعودی عرب کے دوران مدینہ منورہ میں روضہ رسول ﷺ کی زیارتِ خاص کی سعادت حاصل کر لی۔ مدینہ منورہ پہنچنے پر ہوائی اڈے پر گورنر مدینہ اور اعلیٰ سعودی حکام نے وزیراعظم کا پُرتپاک استقبال کیا، جس کے بعد وہ براہِ راست مسجد نبوی ﷺ روانہ ہوئے۔
سعودی حکام کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے روضہ رسول ﷺ کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے۔ وزیراعظم نے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا اور زیارتِ خاص کا شرف حاصل کیا۔ انہوں نے مسجد نبوی ﷺ کے سب سے مقدس حصے ‘ریاض الجنہ’ میں نوافل ادا کیے اور خالقِ کائنات کے حضور سر بسجود ہو کر ملکی و قومی سلامتی کے لیے دعائیں مانگیں۔
وزیراعظم نے قیامِ مدینہ کے دوران انفرادی دعاؤں کے بجائے اجتماعی مقاصد پر زور دیا پاکستان کو درپیش معاشی مشکلات سے نجات اور خوشحالی کے لیے خصوصی التجا کی۔مقبوضہ فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں پر جاری مظالم کے خاتمے اور ان کی آزادی کے لیے گڑگڑا کر دعا کی۔عالمِ اسلام کے درمیان اتحاد، یگانگت اور عالمی امن کے قیام کے لیے بارگاہِ الٰہی میں خصوصی درخواست کی۔
سفارتی مبصرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے لیے روضہ رسول ﷺ کے دروازوں کا کھولا جانا اور سعودی قیادت کی جانب سے دیا جانے والا غیر معمولی پروٹوکول پاک،سعودی تعلقات میں موجود گہری محبت اور احترام کی علامت ہے، جو موجودہ دورے کی کامیابی کا ایک اور واضح ثبوت ہے۔




