کیلیفورنیا : امریکی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کی مدد سے اب وہ ٹی وی پر ویڈیو گیمز کھیل سکیں گے۔ اس فیچر کے تحت صارفین اپنے موبائل فون کو کنٹرولر کے طور پر استعمال کرتے ہوئے بڑی اسکرین پر گیمز کھیل سکیں گے۔
نیٹ فلکس کے شریک چیف ایگزیکٹو گریگ پیٹرز نے بلومبرگ کی "سکرین ٹائم کانفرنس” میں اعلان کیا کہ یہ اقدام تفریح کی دنیا میں ایک نیا دور شروع کرنے جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی مستقبل میں ایسے سوشل گیمز بھی تیار کر رہی ہے جنہیں دوست اور اہلِ خانہ مل کر کھیل سکیں گے۔
ابتدائی طور پر نیٹ فلکس نے چند مقبول گیمز متعارف کرائی ہیں جن میں بوگل پارٹی، ٹیٹرس ٹائم واؤرپ، پکشنری گیم نائٹ اور لیگو پارٹی شامل ہیں۔ صارفین ان گیمز کو سمارٹ ٹی وی یا روکو جیسے اسٹریمنگ ڈیوائسز پر کھیل سکتے ہیں، جبکہ موبائل کو کنٹرولر کے طور پر جوڑنے کے لیے کیو آر کوڈ اسکین کرنا ہوگا۔
نیٹ فلکس کے گیمنگ ڈویژن کے سربراہ ایلین ٹاسکن نے کہا کہ کمپنی طویل مدتی منصوبہ بندی کے تحت کلاؤڈ گیمنگ سسٹم کو مزید بہتر بنا رہی ہے تاکہ نیٹ فلکس کو صرف فلموں اور ڈراموں کی اسٹریمنگ سروس تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے ایک مکمل تفریحی پلیٹ فارم میں تبدیل کیا جائے.




