فلوریڈا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے دوبارہ جوہری تنصیبات تعمیر کیں یا جوہری پروگرام فعال کیا تو امریکا سخت کارروائی کرے گا اور فوری حملوں کی حمایت کرے گا۔
صدر ٹرمپ نے یہ بیان اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں دیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کے اہم مسائل اور غزہ سیز فائر معاہدے کے اگلے مرحلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اسرائیل کے ساتھ کھڑا رہے گا، حماس کو غیر مسلح کرنے کے اقدامات جاری رہیں گے اور ایران کو چاہیے کہ وہ کسی معاہدے پر آئے تاکہ خطے میں تناؤ کم ہو سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ غزہ کی تعمیر نو کے دوسرے مرحلے کا آغاز جلد متوقع ہے۔




