لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو کامیاب بنا کر ثابت کردیا کہ وہ تعمیر و ترقی اور عوامی خدمت کی سیاست چاہتے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ نے آزاد کشمیر کی نشستیں اکثریت کے ساتھ جیتی ہیں، جس پر وہ پارٹی قیادت اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتی ہیں۔
انہوں نے انتخابی مہم میں امیر مقام، رانا ثنا اللہ اور طارق فضل چوہدری سمیت دیگر رہنماؤں کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارٹی قائدین نے بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلائی۔
مریم نواز نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے دنگا فساد، قتل و غارت، احتجاج اور ہڑتالوں کی سیاست کو ووٹ کی طاقت سے شکست دی۔ شرپسند عناصر پاکستان اور آزاد کشمیر کو لڑانا چاہتے تھے، لیکن عوام نے انہیں مسترد کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آزاد کشمیر کا الیکشن بڑا ٹیسٹ نہیں تھا، اب اصل امتحان شروع ہوا ہے۔ جس دن آزاد کشمیر میں کابینہ بنے گی، اسی دن سے ضروری کام شروع کیے جائیں گے اور بجٹ عوام کی بھلائی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ، بلوچستان سمیت پورے ملک میں جہاں ترقی نظر آتی ہے، وہاں مسلم لیگ (ن) کا کردار موجود ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ملک میں ترقی کے نشان کے ساتھ نواز شریف کا نام جڑا ہوا ہے۔




