لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سپیریئر یونیورسٹی نے تعلیم کے شعبے میں نئی راہ متعین کی ہے، طلبہ اور اکیڈیمیا کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا بہترین اقدام ہے، جبکہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے بہترین وسائل اور مواقع فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
سپیریئر یونیورسٹی کے زیراہتمام ’’آئی ایم اے 2026، انڈسٹری میٹس اکیڈیمیا‘‘ کی دو روزہ نمائش سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نمائش میں آرٹ، فیشن اور دیگر تخلیقی شعبوں سے وابستہ طلبہ کے پراجیکٹس پیش کیے گئے، جو ان کی تخلیقی صلاحیتوں کا عکاس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کی اپنی ایک الگ اہمیت ہے۔ اس شعبے کے ذریعے عام کپڑے کو بھی بہترین اور منفرد انداز میں پیش کیا جا سکتا ہے۔ موجودہ دور میں ہر فرد کو اپنی پسند کے مطابق لباس کی سہولت میسر ہونی چاہیے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کلنری آرٹس میں کھانے کو خوبصورت انداز میں پیش کرنا بھی ایک فن ہے۔ تخلیقی شعبوں میں طلبہ کی حوصلہ افزائی اور انہیں عملی میدان سے جوڑنے کے لیے ایسے اقدامات ضروری ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے خواتین کی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وقت بدل چکا ہے، آج خواتین ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ ہمیں یہ سوچ ختم کرنا ہوگی کہ کوئی کام صرف مرد یا خاتون ہی کر سکتی ہے۔ دنیا کا ہر کام مرد بھی کر سکتا ہے اور عورت بھی اپنی مہارت کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے رواں سال جشن آزادی کے موقع پر نیا ترانہ بھی بنایا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے آئی ایم اے 2026 کے انعقاد پر سپیریئر یونیورسٹی، طلبہ اور شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن سے وابستہ اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔




